کنگن//سونہ مرگ کے ٹرک یارڈ میں پینے کے پانی کی قلت کے باعث ٹرک ڈرائیوروں اور دکانداروں کو ماہ صیام کے متبرک ایام میں پینے کے پانی کو لیکر مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرک ڈرائیوروں اور دکانداروں نے بتایا کہ یہاں پر گذشتہ ایک ماہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے انہیں ندی نالوں سے گندہ پانی لاکر اس کو استعمال کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے یہاں مہلک بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ لاحق ہے۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ سونہ مرگ کے ٹرک یارڈ میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ٹرک ڈرائیوروں اور دکانداروں کو ان متبرک ایام میں پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کے لئے ترسنا نہ پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر پانی کی سپلائی کو جلد بحال نہیں کیا گیا تو وہ محکمہ کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوںگے جس کی ذمہ داری محکمہ جل شکتی پر عائد ہوگی۔