سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میںملی ٹینٹوںکے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ پونچھ ضلع کے سوجیاں علاقے میں سیکورٹی فورسز نے ایک ملی ٹینٹوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش کرتے ہوئے وہاں سے پیکا گن کی 246 گولیاں برآمد کی ہیں، جبکہ راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسپیشل آپریشن گروپ پونچھ نے سوجیاں کے مختلف جنگلاتی علاقوں میں انسدادِ ملی ٹینسی مہم کے دوران ایک خفیہ ٹھکانہ دریافت کیا۔
تلاشی کے دوران وہاں سے پیکا گن کی 246 گولیاں برآمد کی گئیں، جنہیں ملی ٹینٹوں نے خفیہ طور پر زمین میں چھپا رکھا تھا۔ برآمد شدہ گولہ بارود کو ضبط کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک اور اس سے وابستہ عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ادھر راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقے میں منگل کی شام شروع کیا گیا انسدادِ ملی ٹینٹ مخالف آپریشن بدھ کو بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہا۔ آپریشن میں فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوںکی تلاش میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا سخت محاصرہ کر رکھا ہے اور اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ حساس مقامات پر ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ جدید نگرانی کے وسائل بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔دریں اثنا علاقے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں چند مشتبہ افراد کو ایک سڑک پر دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اگرچہ سیکورٹی ایجنسیوں نے اس فوٹیج کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، تاہم اسی اطلاع کی بنیاد پر تلاشی مہم کو مزید وسعت دی گئی ہے۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق موصول ہونے والی اطلاعات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام مشتبہ سرگرمیوں کی مکمل جانچ نہیں ہو جاتی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع فوری طور پر قریبی سیکورٹی یا پولیس حکام کو دیں۔