سرینگر//بجلی کے وزیر سنیل کمار شرما نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 132کے وی رام بن ۔ کھلینی ۔ کشتواڑ ترسیلی لائن کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ کشتواڑ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لائی جاسکے۔وزیر نے یہ ہدایات آج ایک جائزہ میٹنگ کے دوران دیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیشن کمار ، کمشنر سیکرٹری لأ عبدالرشید بٹ ، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور اور سینئر افسران موجود تھے۔وزیر نے افسروں کو مختلف مسائل حل کرنے کے لئے ایک بہتر نظام ترتیب دینے پر زور دیا تاکہ اس اہم ٹرانسمیشن لائن پر کام شروع کیا جاسکے اور جس کی بدولت ٹرانسمیشن کی گنجائش میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ چناب ویلی کے لوگوں کی ایک بڑی آبادی کو بجلی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ انہیں عمل آوری ایجنسیوں کے ساتھ باقاعدہ میٹنگوں کا انعقاد کرنا چاہیئے اور التوا میں پڑے معاملات کا حل نکالنا چاہیئے تاکہ رُکا پڑا کام دوبارہ شروع کیا جاسکے ۔سنیل شرما نے مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بجلی کی پیداوار کو اَپ گریڈ کرنے اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کے سلسلے میں وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے ذریعے وافر رقومات فراہم کئے جارہے ہیں۔وزیر نے کہا کہ ان رقومات کو بہتر ڈھنگ سے خرچ کرتے ہوئے لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے ہوگی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ یہ کام کے ای سی انٹرنیشنل لمٹیڈ کو 35.25کروڑ روپے کی رقم کے ساتھ الاٹ کیا گیا تھا لیکن چند وجوہات کی بنا پر یہ پروجیکٹ التوا میں پڑا ۔