جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے سلواہ علاقے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا پیش آنے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اس تصادم کے دوران وسیم خان ولد فاروق خان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق، ڈاکٹروں نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم حالت کی سنگینی کے پیش نظر انہیں مزید بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی کے جسم پر شدید چوٹوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق، جھگڑا اچانک شدت اختیار کر گیا جب رقیب خان اور اس کے ساتھ چند دیگر افراد نے مبینہ طور پر وسیم خان پر حملہ کر دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ حملے کے بعد زخمی کو کچھ وقت کے لیے بند بھی رکھا گیا، جس سے معاملہ مزید سنگین ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور مداخلت کر کے زخمی کو بازیاب کروا کر ہسپتال منتقل کیا۔تاحال اس جھگڑے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے، تاہم مقامی سطح پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، واقعہ کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اصل حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔مینڈھر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔علاقہ کے معززین نے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آپسی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کریں، تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔