ریاض// سعودی عرب کے سربراہ علماء بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ فتنہ انگیزوں اور افواہیں پھیلانے والوں سے ہوشیار رہا جائے۔ مذہب اور وطن عزیز کے اعلیٰ مفاد کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی اطلاع یا معاشرے کے اتحاد ویگانگت میں دارڑ ڈالنے والی کوئی بھی رپورٹ یا ریاست کے قائدین علماء اور سیکیورٹی کے سربراہوں کو زک پہنچانے والی کوئی بھی افواہ آگے بڑھانے سے پرہیز کریں۔علماء نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ موصولہ رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت سارے فرضی اکائونٹ قائم کرلئے گئے ہیں ان کا مقصد افواہیں پھیلانا اور سعودی عرب میں فتنوں کی آگ بھڑکانا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ گمراہ کن چینلز فرقہ وارانہ اور مسلکی کشمکشوں کی آگ بھڑکائے ہوئے ہیں۔ یہ دہشت گرد جماعتوں کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ علماء نے اس امر پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ نے سعودی عرب کو امن وامان کی دولت سے مالا مال کر رکھا ہے۔ سعودی حکمراں ملکی اتحاد و سالمیت کے تحفظ کے سلسلے میں انتہائی سنجیدہ ہیں۔ وہ الحرمین الشریفین اور ان کے زائرین کی خدمت کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہیں۔ ہمیں اس عظیم نعمت کی قدرو منزلت اور اس کے تحفظ کا خیال رکھنا ہے۔عدالتی ادارے اور سیکیورٹی ادارے اپنا فرض انجام دے رہے ہیں۔ عوام امن و استحکام کے تحفظ کے سلسلے میں آگاہی کا مظاہرہ کریں۔ اسلام اور اس کے پیروکاروں کے وسیع مفاد میں سعودی عرب کی سیادت و قیادت کے استحکام کی جدوجہد کرتے رہیں۔