عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک امریکی شہری کو اس وقت حراست میں لے لیا جب اس کے سامان سے ایک جی پی ایس ڈیوائس برآمد ہوئی۔مذکورہ شخص کی شناخت جیفری اسکاٹ پریتھر کے طور پر ہوئی ہے، جو ہلدَر کوشک نامی ایک بھارتی نژاد امریکی شہری کے ساتھ سفر کر رہا تھا۔ دونوں گزشتہ ایک دن سے سری نگر میں موجود تھے اور ایئر انڈیا کی پرواز AI1893 کے ذریعے دہلی جانے والے تھے۔حکام کے مطابق ان کا اگلا منصوبہ لداخ جانے کا تھا، تاہم سرینگر۔لیہہ شاہراہ کی بندش کے باعث انہیں اپنا سفر منسوخ کر کے دہلی واپس جانا پڑا، جہاں سے وہ نیپال جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کی جانب سے معمول کی سیکورٹی جانچ کے دوران پریتھر کے بیگ سے ’’گرامین جی پی ایس کمیونیکیٹر‘‘ ڈیوائس برآمد ہوئی، جس کے بعد دونوں مسافروں کو طیارے سے اتار لیا گیا اور ڈیوائس ضبط کر لی گئی۔پولیس نے تصدیق کی کہ صرف امریکی شہری کو پوچھ گچھ کے لئےحراست میں لیا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھی کو کوئی مشتبہ چیز نہ ملنے پر رہا کر دیا گیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ تاحال کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔