یو این آئی
سرینگر// کرائم برانچ کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے سرینگر میں زمین کے لین دین کے ایک معاملے میں ایک شکایت کنندہ کو 53 لاکھ روپیوں کی دھوکہ دہی کے الزام میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ ایک ترجمان نے بتایا کہ شکایت کے مطابق طارق احمد حجام ولد محمد رمضان حجام ساکن برتھنہ قمرواری اور غلام حسن میر ولد غلام رسول میر ساکن برتھنہ سری نگر نامی دو زمین دلالوں نے ثنا اللہ میر اور رزاق میر پسران خالق میر ساکنان برتھنہ سری نگر کے ساتھ مجرمانہ گٹھ جوڑ کرکے زمین کے سودے میں سہولت فراہم کرنے کی آڑ میں شکایت کنندہ سے دھوکے سے 53 لاکھ روپیوں کی رقم ہتھیا لی۔انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس سٹیشن اقتصادی جرائم ونگ کی طرف سے کیس کی تحقیقات شروع کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ تفتیش کے دوران، یہ پہلی نظر میں ثابت ہوا کہ ملزمان نے ریونیو افسران اور اہلکاروں کے ساتھ مل کر، شکایت کنندہ کی رقم اور زمین ہتھیانے کے لیے دستاویزات اور کارروائیوں میں غیر قانونی طور پر ہیرا پھیری کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملزمان طارق احمد حجام ولد محمد رمضان حجام ساکن برتھنہ قمر واری، غلام حسن میر ولد غلام رسول میر ساکن برتھنہ سرینگر، ثنااللہ میر ولد خالق میر ساکن برتھنہ سرینگر اور رزاق میر ولد خالق میر ساکن برتھنہ سرینگر نے مجرمانہ کارروائیاں انجام دی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پہلی نظر میں دفعہ 420 اور 120-بی آئی پی سی کے تحت قابل سزا جرائم کے ارتکاب کا انکشاف ہوا ہے ۔موصوف ترجمان نے بتایا ‘اس کے مطابق، نوٹس لیا گیا اور پولیس اسٹیشن اقتصادی جرائم ونگ، کرائم برانچ کشمیر میں باضابطہ ایف آئی آر درج کیا گیا’۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔