عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے منگل کو سرینگر کے ایس کے انڈور اسپورٹس سٹیڈیم میں شمالی زون کیلئے تیسری کھیلو انڈیا نیشنل جوڈو لیگ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ملک کی نو شمالی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے عمر کے تین مختلف زمروں کی ٹیموں نے اس ایونٹ میں حصہ لیا۔ اس لیگ کا انعقاد اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے مرکزی وزارت کھیل کے کھیلو انڈیا اقدام کے تحت کیا تھا۔
لیگ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر دیپک گپتا، سشما اوستھی اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے یوگیش کے نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔ ڈاکٹر اندرابی نے مختلف زمروں میں فاتح اور رنر اپ ٹیموں اور انفرادی کھلاڑیوں کو میڈلز اور اسناد سے نوازا۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ نریندر مودی کے کھیلو انڈیا مشن نے ہندوستان میں کھیلوں کے شعبے میں انقلاب برپا کردیا ہے اور اب زندگی کے دیگر اہم شعبوں کی طرح ہندوستان تیزی سے کھیلوں کی عالمی طاقت بن رہا ہے۔اندرابی نے کہا’’گزشتہ نو سالوں کے دوران مرکزی حکومت کے اقدامات نے ہمارے لڑکوں اور لڑکیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا ہے اور ملک بھر کے نوجوان اسپورٹس اسٹار ایونٹس کے تمام زمروں میں عالمی سطح پر ترنگا لہرا رہے ہیں۔ ہم نے پورے ملک میں کھیلوں کا عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ بنایا ہے اور مشن جاری ہے‘‘۔ وقف بورڈ چیئرپرسن نے کہا کہ’ یہ لیگ جموں و کشمیر میں 42 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوئی ہے اورجو لوگ کہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ہم کئی دہائیوں کے بعد اب پرامن کشمیر دیکھ رہے ہیں‘۔ انہوں نے گزشتہ چند سالوں کے دوران جموں و کشمیر میں کھیلوں کا ایک قابل ذکر انفراسٹرکچر اور کھیلوں کا ماحول پیدا کرنے پر ایل جی انتظامیہ کی ستائش کی۔