بانہال //سرینگر جموں شاہراہ پر آج یعنی جمعرات کو دوطرفہ کوچلنے کی اجازت ہوگی۔جموں سرینگر شاہراہ پر ضروری مرمت کی وجہ سے بدھ کو گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی اور کسی بھی گاڑی کو جموں اور سرینگر سے چلنے کی اجازت نہیں تھی ۔بدھ کے روز ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان شاہراہ کی ضروری مرمت کے پیش نظر ہفتہ وار ٹریفک بند رکھنے کا سلسلہ پچھلے آٹھ مہینوں سے جاری ہے ۔ پہلے جمعہ اور اب بدھ کے روز ہفتے وار ٹریفک ڈرائی ڈے یا ٹریفک بند رکھ کر شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پرزیر تعمیر فورلین شاہراہ کا ضروری تعمیراتی کام انجام دیا جاتا ہے ۔ بانہال سے وادی کشمیر اور جموں سے ڈوڈہ ، بھدرواہ اور کشتواڑ گندو بھلیسہ کیلئے آنے اورجانے والا مقامی ٹریفک اس بندش سے مستثنیٰ رہتا ہے تاہم بانہال پہنچنے کیلئے مسافروں کو جواہر ٹنل اور ویری ناگ زگ کے مقام بلاوجہ روک کر تنگ کیا جاتا ہے اور کبھی کبھار آدھار کارڈ دکھانے کے باجود بھی انہیں ٹنل سے بانہال آنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے ۔اس دوران ٹریفک پولیس نے اپنے روزانہ کی ٹریفک ایڈوائزری میں کہا ہی کہ آج یعنی جمعرات کو شاہراہ پر دونوں طرف سے مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی اور انہیں قاضی گنڈ ، نگروٹہ اور ادہمپور کو مقررہ اوقات کے اندر اندر پار کرنا ہوگا ۔