سرینگر//سرینگر جموں شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر جمعہ کو ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہنے کے بعد سنیچروار صبح گاڑیوں کی آمد رفت دوبارہ بحال کر دی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق جمعہ کو سرینگر جموں شاہراہ ضروری مرمت کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند رہی ،تاہم سنیچروار کی صبح شاہرا ہ پر ٹریفک کو دوبارہ بحال کر دیا گیا اور یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے مطابق گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی جانب جانے کی اجازت دی گئی ۔ ادھر محکمہ ٹریفک کے مطابق آج یعنی اتوار کو موسمی صورتحال ساز گار رہنے کی صورت میں گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت ہو گی ۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق کووڈ – 19 رہنما خطوط پر مکمل عملد ر آمد کے علاوہ مسافروںکے جان و مال کی حفاظت اور سڑک کی حالت کو دیکھ کر مخالف سمت سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بہتر موسم رہنے کی صورت میں ہلکی گاڑیوں (ایل ایم وی) کو سرینگر سے جموں جانے کی اجازت ہو گی۔ تاہم ٹریفک کی روانگی سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سرینگر کو اپنے رام بن یونٹ سے رابطہ کرنا لازمی ہوگا تاکہ دقتیں پیدا نہ ہوں۔ہلکی گاڑیوں کو قاضی گنڈ، صبح آٹھ بجے سے لے کر دن کے ایک بجے تک پار کرنا ہوگا، اس کے بعد کسی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔بڑی گاڑیاں، جن میں ٹینکر وغیرہ شامل ہیں، کو جموں جانے کی اجازت ہوگی، تاہم موسمی صوتحال کو مدنظر رکھ کر اس میں بدلاؤ کیا جاسکتا ہے۔فوج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی ایڈوائزری پر عمل کریں اور مخالف سمت سے گاڑیوں کو نہ چلائیں۔