حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے صدر مقام پر کنٹریکٹر ایسوسی یشن سرنکوٹ کے بینر تلے ایسوسی ایشن کے صدر طارق اشرف کی قیادت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرہ کے دوران ٹھیکیداروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں سے ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں تاہم بروقت ان کی ادائیگی نہیں کی جاتی۔ٹھیکیداروں نے الزام لگایا کہ مختلف محکمہ جات کے ذریعے انہوں نے دو دو تین تین سال پہلے جو کام کر رکھے ہیں ان کے مکمل ہونے کے باوجود ان کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کنٹریکٹر ایسوسی یشن سرنکورٹ کے صدر طارق اشرف کا کہنا تھا کہ اگر ان کی بقایاجات جلد جلد واگزار نہ کی گئی تو وہ دو یا تین روز کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کر دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داریاں انتظامیہ پر عائد ہوں گی۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس طرف توجہ دے کر ان کے بقایا جات واگزار کروائیں۔