سرنکوٹ//چودہ سال قبل سرنکوٹ کے اقبال نگر علاقے میں محکمہ تعلیم کی طرف سے زیڈ آر سی(زونل ریسورس سنٹر)کی عمارت تعمیر کی گئی تھی تاہم حیران کن طور پر اسے آج تک استعمال میں نہیں لایاگیا اوراب اس کا استعمال پارکنگ کی جگہ کے طور پرہورہاہے اوراسی عمارت میں آوارہ مویشی و کتے ڈیر اجمارکھتے ہیں جبکہ یہ عمارت جرائم کی کارروائیوں میں بھی استعمال ہورہی ہے۔مقامی محلہ کے عوام کاکہناہے کہ وہ اس عمارت کو صحیح استعمال میں لانے کیلئے کئی بار اپیل کرچکے ہیں لیکن حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے انہوں نے کئی بار میونسپلٹی سرنکوٹ کے افسران کو بھی بتایاہے لیکن کسی نے کوئی توجہ نہیں دی اور لاکھوں روپے کی یہ عمارت تباہ ہورہی ہے۔محلہ کے لوگوں کاکہناہے کہ عمارت کی پہلی منزل آوارہ کتوں کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے اور اس عمارت کو منشیات کے عادی اور دیگر جرائم میں ملوث لوگ بھی استعمال کرتے رہتے ہیں۔ان کاکہناہے کہ ان کیلئے یہ جگہ پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے اور اگر محکمہ نے اس کو استعمال ہی نہیں کرناہے تو پھر اس کی تعمیر کیوں کر کی گئی تھی۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہ پچاس لاکھ روپے کی جائیداد ہوگی جسے ویران کردیاگیاہے۔ان کاکہناہے کہ یاتو حکام اس عمارت کو استعمال میں لائیں یاپھر اسے کو گراہی دیاجائے کیونکہ ایسے حال میں یہ عوام کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ ایک مقامی نوجوان نے کہاکہ اگر عمارت کاصحیح استعمال نہ کیاگیاتو وہ یہ معاملہ عدالت میں لے جائیں گے۔زونل ایجوکیشن افسر سرنکوٹ الطاف بخاری نے کہاکہ یہ عمارت کافی پہلے بنی ہوئی ہے جس پر آئے خرچہ کے بارے میں انہیں معلوم نہیں البتہ عمارت کی مرمت کیلئے چھ لاکھ روپے کا پرپوزل بھیجاتھا جس پر ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ وہ خود کرایہ کے دفتر میں رہ رہے ہیں جہاں جگہ کی بھی کمی ہے۔رابطہ کرنے پر چیف ایجوکیشن افسر پونچھ نے بتایاکہ وہ زونل ایجوکیشن افسر کو موقعہ پر بھیج کر رپورٹ طلب کریں گے جس کے بعد ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔