سرنکوٹ+مینڈھر//سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ اور سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں عازمین حج کیلئے ویکسین کا اہتمام کیاگیا۔اس دوران طبی ماہرین کی طرف سے ان کی طبی تشخیص کی گئی اور ادویات بھی تقسیم کی گئیں ۔ان کو سفرکے دوران کیلئے بھی دوائیاں دی گئیں تاکہ کسی مشکل میں ان ادویات کا استعمال کیاجاسکے ۔بی ایم او سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار چوہدری نے بتایاکہ کیمپ لگاکر عازمین کو ویکسین دی گئی اور ان کا چیک اپ بھی کیاگیا۔ انہوں نے بتایاکہ عازمین کی طبی تشخیص کے بعد ان کو فٹنس سرٹیفکیٹ دی جاتی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس بار سرنکوٹ سے 87عازمین سفر محمود پر جارہے ہیں ۔ مینڈھر میں بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرویز احمد خان کی قیادت میں کیمپ لگایاگیاجس میں نائب تحصیلدار مینڈھر سید تعارف حسین شاہ بھی موجود تھے۔اس دوران مینڈھر، منکوٹ اور بالاکوٹ تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے113عازمین حج کو ویکسین کے انجکشن کئے گئے اور دوائیاں پلائی گئیں۔ بی ایم او مینڈھر کی طرف سے تمام عازمین کیلئے چائے کا اہتمام بھی رکھاگیا۔کیمپ میں حج دفتر مینڈھر سے تعلق رکھنے والے ملازمین بھی موجودتھے ۔