جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے سرحدی گولہ باری میں انسانی جانوں کے اتلاف پرگہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے سرحدی عوام پاکستان کاآسان نشانہ بنے ہوئے ہیں جس کیلئے بی جے پی ذمہ دارہے۔بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت سرحدوں پرکشیدہ حالات کیلئے ذمہ دارہے اورصورتحال کوبہتربنانے میں مکمل ناکام ہوکررہ گئی ہے۔مرکزی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سرحدی عوام میں پائے جانے والے عدم تحفظ کے احساس کاخاتمہ کریں لیکن بدقسمتی سے سرحدی مکینوں کیلئے مرکزی حکومت نے کوئی پالیسی مرتب نہیں کیاہے۔ان خیالات کااظہار دویندرسنگھ رانانے یہاں منعقدہ ایک سماجی تقریب کے حاشیے پرمیڈیاسے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی سرحدی عوام کوبہترسہولیات مہیاکرانے کے بجائے انہیں مشکلات میں جھونکاہواہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ چار برسوں سے سرحدپرحالات کشیدہ ہیں اورمرکزی حکومت نے سیزفائر کیلئے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی گولہ باری کاآسان نشانہ عوام بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی اورمرکزی حکومت عوام کی توقعات پرکھرااُترنے میں ناکام ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے 2014کے اسمبلی وپارلیمانی انتخابات کے دوران سرحدی لوگوں سے وعدہ کیاتھاکہ وہ پانچ مرلے زمین دے کران کیلئے رہائش کاانتظام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ چارسال کاعرصہ بیت چکاہے لیکن بی جے پی نے سرحدی عوام سے کئے گئے وعدوں کوپورانہیں کیاہے اوروہ پاکستانی گولہ باری کامسلسل نشانہ بنتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت کوسرحدی عوام کی کوئی فکرنہیں ہے۔