مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے گذشتہ روز بالاکوٹ میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ منعقد کرکے سرحدی علاقہ میں رہنے والے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کے مسائل کی جانکاری حاصل کی۔اس دوران ڈی سی موصوف کے ہمراہ ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو تحصیلدار بالاکوٹ اورضلع و تحصیل آفیسران موجود تھے ۔اس موقعہ پربولتے ہوئے لوگوںنے کہا کہ علاقہ کی طرف انتظامیہ توجہ نہیں دے رہی ہے اور بالاکوٹ سے دھراٹی اور پنجنی کی طرف جا نے والی سڑک کی خستہ حالت ہے اور اس کی مرمت نہیں کی جا رہی ہے کیونکہ یہ واحد روڈ ہے جو تار بندی کے اندر بسنے والے لوگ اس پر سفر کرتے ہیں ۔لوگوں نے بتایاکہ علاقہ میں بجلی اور پانی کی خستہ حالت ہے جبکہ محکمہ صحت عامہ بری طرح زمین سطح پر ناکام ہو چکا ہے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کیلئے کوئی بھی ملازم زمینی سطح پر کام نہیں کر رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت دی جائے کہ گولہ باری متاثرہ علاقہ میں بنیادی سہولیات کا خیال رکھا جائے جبکہ لوگ محکمہ صحت عامہ کو برابر ہر سال کا پانی کا کرایہ ادا کرتے ہیں لیکن محکمہ جان بوجھ کر لوگوں کو پریشان کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی تاریں درختوں کے ساتھ لٹکی ہوئی ہیں اور کئی جگہوں پر لکڑی کے کھمبے لگے ہوئے ہیں جس سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے لہذا علاقہ کی طرف دھیان دیتے ہوئے بجلی کے نظام کو بہتر کیا جائے تاکہ لوگوں کو وقت پر بجلی میسر ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی بھی خستہ حالت ہے اور ملازمین بہت کم تعداد میں ڈیوٹی پر ملتے ہیں کیونکہ فائرنگ اور گولہ باری کے درمیان لوگ جب زخمی ہو جاتے ہیں تو ان کو کئی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگوں کی طرف خیال رکھا جائے ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کی تمام باتیں سننے کے بعد یقین دلایا کہ اب آپ کو سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ بھی بالاکوٹ میں بنا کر دئیے جائیں گے اور افیسران مہینے میں ایک بار ضرور بالاکوٹ کے اندر بیٹھیں گے اور آپ کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں ہو گی۔ انھوں نے محکمہ صحت عامہ اور محکمہ بجلی کے ملازمین سے کہا کہ لوگوں کے کام موقعہ پر کئے جائیں اور جو بھی پریشانی لوگوں کو آتی ہے ان کو حل کیا جائے کیونکہ بالاکوٹ ایک سرحدی علاقہ ہے جہاں پر لوگوں کو فائرنگ اور گولہ باری سے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اس لئے ہمارا فرض بنتا ہے لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر کی جائیں جس کے لئے سرکار نے ہمیں تعینات کیا ہے اس موقعہ پر علاقہ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کا یقین دہانی کیلئے شکریہ ادا کیا کہ علاقہ میں لوگوں کے کام وقت پر ہوں گے اور لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنہ نہیں کرنا پڑے گا۔