مینڈھر//مینڈھر کے سلانی علاقے میں آٹھ سال قبل مقامی طبی مرکز کیلئے ایک عمارت تعمیر کی گئی تاہم اس کو عدم توجہی کاشکار بنادیاگیاجس کے نتیجہ میں اب یہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ عمارت کی دیواریں کھڑی کرکے اس پر لینٹر ڈال دیاگیاتھاتاہم اس کے بعد کسی نے اس جانب مڑ کر نہیں دیکھا۔انہوں نے کہاکہ یہ عمارت سب سنٹر کیلئے بنائی گئی تاہم اس کا مقصد پورا نہیں ہوا اور خالی خزانہ عامرہ کو نقصان پہنچایاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ اس عمارت کونامکمل چھوڑ کر محکمہ صحت نے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاہے۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیاکہ کھنڈرات میں تبدیلی ہوتی جارہی اس عمارت کی طرف توجہ دے کراسے فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے تاکہ اس کو استعمال میں لایاجاسکے۔اس سلسلے میں بلاک میڈیکل افسر مینڈھرڈاکٹر پرویز احمد خان نے کہاکہ اس عمارت کی تکمیل کیلئے رقومات فراہم نہیں ہوئیں تاہم اس بار اس پروجیکٹ کو پلان میں رکھاگیاہے اوراس کی تعمیر ہوگی۔