منڈی // ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرپونچھ عبدالحمید شیخ نے سنیچر کو ایک تقریب کے بعد سرحدی علاقہ ساوجیاں کے مختلف اسکولوں اور طبی مراکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکولوں میں زیر تعلیم طلبا کی پڑھائی لکھائی اور دیگر لوازمات کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی طبی مراکز میں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔انہوںنے کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر بیدار کے ملازمین کو غفلت برتنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ۔دورے کے دوران انہوں نے مڈل سکول گنتڑ بند پایا جہاں ایک بچی سے معلوم ہواکہ سکول کے بچے کہیں سیر پرگئے ہیں مگر زونل ایجوکیشن افسر منڈی نے موقعہ پر اجازت نامہ پر لاعلمی کا اظہار کیا ۔مقامی عوام نے ترقیاتی کمشنر کوبتایا کہ یہ سکول اکثر بند رہتاہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مڈل سکول دتی گلہ ،پرائمری سکول گنتڑ، پرائمری سکول بیدار اور پرائمری ہیلتھ سنٹر بیدار کا بھی معائنہ کیااورہیلتھ سنٹر کے ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا جنہیں انہوں نے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ عملہ کی غیر حاضری کی وجہ بتائیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے تمام اساتذہ پر زوردیا کہ وہ موجودہ نظام تعلیم کو مزید فعال بنایاجائے۔ بچوں کی تعلیم کو پرکھنے کے بعد اساتذہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی ڈیوٹی میں کوتاہی کرنا بند کریں اور طلباء کی پڑھائی پر خاص توجہ دی جائے ۔عبدالحمید شیخ نے بچوں میں تحریری صلاحیت نکھارنے کے لئے تختی لکھوانے کے رواج کو عام کرنے پر زور دیا۔ ان کے ہمراہ زونل ایجوکیشن آفیسر منڈی غلام حسین بھی تھے ۔