نیوز ڈیسک
سانبہ//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے ہفتہ کے روز جموں وکشمیر سے متعلق اور یہاں کی عوام کے لئے جارحانہ اور تباہ کن پالیسیاں اپنانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔الطاف بخاری اسمبلی حلقہ سانبہ میں منعقدہ پارٹی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جہاںپرعوام اور پارٹی ورکروں نے اْن کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔موصولہ بیان کے مطابق سید محمد الطاف بخاری نیدہلی میں برسراقتدار حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی پر جموں وکشمیر کے لوگوں کے آئینی وسیاسی حقوق کو مجروح کا الزام لگاتے ہوئے کہا’’ یہ پریشان کن ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق اور مفادات کو مجروح کرنے والے نئے جارحانہ قوانین یہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ نافذ کئے جا رہے ہیں، اس سلسلہ میں حالیہ نئے اراضی لیز قواعد ہیں جس کے تحت پرانی لیز کو ختم کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال نہ کرنے اور اسمبلی انتخابات میں تاخیرپربھی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ ’’اْن (بھاجپا)کاکہنا ہے کہ دفعہ 370کی منسوخی اْن کے انتخابی منشور میں تھا لیکن پھر کیوں انہوں نے جموں وکشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر کے ریاستی درجہ بھی چھین لیا اور کیوں وہ ریاست میں حالات معمول پر آنے کے بعد بھی انتخابات نہیں کرارہے۔ حکومتی سطح پر اِ ن سوالات کا جواب نہ دیئے جانے اور انتخابات کے انعقاد وریاستی درجہ کی بحالی میں کی جارہی تاخیر عوام کے ذہنوں میں کئی قسم کے حدشات اور تحفظات کو جنم دے رہی ہے۔انہوں نے کہا’’ بیروکریٹک نظام کی جگہ اپنے چنے ہوئے نمائندوں کو حکومت سازی کا موقع فراہم کرنا لوگوں کا حق ہے اور اِس حق سے اْنہیں طویل عرصہ تک بلاکسی وجہ کے محروم نہیں رکھاجاسکتا‘‘۔جموں اور وادی کشمیر کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی بنائے رکھنے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے اپنی پارٹی صدر نے کہا’’دونوں خطوں کے لوگوں کو متحد ہونا ہوگا اور بھائی چارہ وہم آہنگی بنائے رکھنی ہوگی تاکہ ہم اپنے آئینی حقوق اور مشترکہ مفادات کا تحفظ کرسکیں۔ ہمیں اپنے حقوق جن میں ریاستی درجہ کی بحالی، جلد اسمبلی انتخابات کا انعقاد اور سخت قوانین کے خاتمہ وغیرہ کے لئے ایک تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ جموں اور وادی کشمیر ایک یونٹ ہے اور لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ اْنہیں مشترکہ طور پر اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، اس لئے آپ کو اپنے حقوق کی حصولی کے لئے متحد ہونا ہوگا‘‘انہوں نے یقین دلایاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے مفادات کے تحفظ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑے گی۔ الطاف بخاری نے کہا’’ 5اگست2019کے بعد جب جموں وکشمیر بھر میں غیر یقینی اور مایوسی چھائی تھی اور لوگوں کو اپنی شناخت اور بنیادی حقوق کھوجانے کا ڈر تھا، اپنی پارٹی نے پہل کرتے ہوئے لوگوں کی آواز کو نئی دہلی میں حکمراوں کے ساتھ اْٹھایا۔ ہم نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے زرعی اراضی اور نوکریوں کے حقوق محفوظ کروائے۔ ہم نے مرکزی سرکار کو یہ اعلان کرنے پر آمادہ کیاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو زرعی اراضی اور ملازمتوں کے حقوق ہوں گے۔ اسی طرح ہم نے حکومت کی غیر دوستانہ پالیسیوں اور سخت قوانین کے خلاف بھی مذحمت جاری رکھی‘‘۔ایک گھنٹہ کی طویل تقریر میں سید محمد الطاف بخاری نے ڈیلی ویجرز، رشوت خوری میں اضافہ، بڑھتی بے روزگاری، سرکاری نوکریوں میں بے ضابطگیاں، غیر قانونی کان کنی، غیر مقامی ٹھیکیداروں کو پروجیکٹ الاٹ کرنے جیسے معاملات پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے یقین دلایاکہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آئی تو اِن تمام معاملات کو حل کرایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ موروثی سیاستدانوں اور جموں وکشمیر کے بھاجپا لیڈران کو ہمت نہیں کہ وہ اِن مسائل پر بات کریں لیکن اپنی پارٹی نئی دہلی میں بھی سچ کہنے سے ہچکچائے گی نہیں۔ انہوں نے کہا’’ہم لوگوں میں سے ہی ہیں اور ہم اْن کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ہم کبھی بھی نا انصافی، امتیاز، اور لوگوں کے حقوق پر تشدد کی اجازت نہیں دیں گے‘‘دریں اثناء اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو بلا امتیاز ذات، پات، رنگ ونسل اور جغرافیائی شناخت متحد ہونے کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایک ہیں اور اتحاد ہی ہماری طاقت ہے، ہمارا اتحاد ہی ہمیں امن، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کی طاقت دیگا۔غلام حسن میر نے کہا، ’’کچھ سال پہلے تک کشمیر کو ہنگامہ آرائی اور تشدد کی جگہ کے طور پر تسلیم کیا جاتا تھا۔ اپنی پارٹی نے ہمارے نوجوانوں کو یہ حقیقت سمجھنے کی کوشش کی کہ تشدد ہمارا دشمن ہے اور امن ہماری طاقت ہے۔ اپنی پارٹی کا خیال ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ پرامن اور سیاسی طریقوں سے وہ سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں جو ان کے لیے اہم ہے‘‘۔اس موقع پر اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے بھی خطاب کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی پارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں۔
سانبہ میں پارٹی کنونشن سے الطاف بخاری کا خطاب ،بھاجپا کی عوام مخالف پالیسیوں کی تنقید | تشدد ہمارا دشمن ،امن ہماری طاقت