تھنہ منڈی// زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کی عمارت گزشتہ 8 سال سے تعمیر نہ ہو سکی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے پاس 6 لاکھ روپے دستیاب ہیں۔زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کے دفتر کی عمارت تعمیر کرنے کے لئے آٹھ سال قبل کام شروع کیا گیا تھا جسکے لئے 7.50لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے۔ اس عمارت کی تعمیر کا کام ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول تھنہ منڈی کی نگرانی میں کروانے کے لئے ولیج ایجوکیشن کمیٹی نے قرارداد منظور کی۔ زونل ایجوکیشن دفتر کی عمارت کا پلندھ ڈیڑھ لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کر کے کام بند کر دیا گیاجسے ہنوز شروع نہیں کیاگیا۔ذرائع کاکہناہے کہ محکمہ کے پاس چھ لاکھ روپے دستیاب ہیں لیکن پھر بھی عمارت کی تعمیر نہیں کی جارہی ۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ پیسے زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کے کھاتے میں پڑے ہوئے ہیں۔اس دو منزلہ عمارت میں دفتر کے کام کاج کے علاوہ زون کے دیگر کام بھی انجام دیئے جائیںگے۔انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ اور سابق ہیڈ ماسٹر کی ناچاکی کی وجہ سے یہ عمارت تعمیر نہ ہوسکی ہے۔انہوں نے کہاکہ آٹھ سال قبل میٹریل کا ریٹ اتنا زیادہ نہیں تھا جو آج پہنچ گیاہے اور یہ وجہ بھی عمارت کی تعمیر کے کام میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ تاہم انہوںنے یقین دلایاکہ اس سلسلے میںحکام سے بات کرکے اس عمارت کی تعمیر کاکام شروع کیاجائے گا۔