مینڈھر //تحصیل بالا کوٹ کے سرحدی علاقوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے سوئیاں سڑک پر تعمیر کردہ ’زندہ پیر ‘پل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مسایل کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے کئی برس قبل شروع کی گئی تھی تاہم سڑک ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی لیکن عوامی مشکل کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک پر ’زندہ پیر ‘نامی ایک پل کی تعمیر شروع کی تھی جو کہ پوری طرح سے مکمل نہیں ہو سکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار نے پل کی تعمیر کے بعد اس کے کناروں کو یوں ہی چھوڑ دیا ہے جو کہ مسافروں و ٹرانسپورٹروں کیلئے ایک خطرہ بن گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ سوئیاں سڑک ایک وسیع سرحدی علاقوں کو جموں مینڈھر سڑک کیساتھ ساتھ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر و دیگر علاقوں کیساتھ جوڑتی ہے ۔روزانہ کی بنیادوں پر مذکورہ سڑک سے سینکڑوں افراد سفر کرتے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے معیاری کام ہی نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کیساتھ ساتھ پل کو بھی پوری طرح سے مکمل کیا جائے ۔