ریلائنس اپنے ملازمین کے کورونا ویکسی نیشن کا پورا خرچ اٹھائے گی

 نئی دہلی//(یو این آئی)کورونا کے خلاف ٹیکہ کاری مہم میں اب کارپوریٹ ورلڈ بھی شامل ہوگیا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز کی ڈائریکٹر نیتا امبانی نے ریلائنس کے ملازمین تحریرکردہ مکتوب میں کہا ہے کہ سبھی ملازمین اور ان کے خاندان کے ممبروں کی ٹیکہ کاری کا پورا خرچ  ریلائنس انڈسٹری برداشت کرے گی۔ انہوں نے خط میں درخواست کی ہے کہ اہل  ملازم، حکومت کے ذریعہ  چلائی جانے والی  ٹیکہ کاری مہم میں جلد ازجلد رجسٹریشن کروائیں۔ نیتا امبانی نے ایک بار پھر کہا کہ وہ کورونا  کے خلاف لڑائی میں ملک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑی ہیں۔حکومت ہند کے ذریعہ چلائی جارہی دنیا  کی  سب سے بڑی کورونا  ویکسی نیشن  مہم کا ذکر کرتے ہوئے نیتا امبانی نے کہا    ’’اب یہ کچھ ہی وقت کی بات ہے، ملک کورونا سے جنگ جیت جائے گا۔ امید، یقین اور مسرت کے ساتھ ملک ایک نئے دور میں قدم رکھے گا۔‘‘ ریلائنس فاونڈیشن کی چیئرپرسن نیتا انبانی نے ملازمین کو یقین دلایا کہ آپ سبھی کے تعاون  سے ہم جلد ہی اس وباء سے نجات پالیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے آگاہ بھی کیا کہ کورونا ابھی گیا نہیں  ہے ہمیں کورونا کے خلاف پوری احتیاط اور چوکسی  برتنی ہے۔