عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی// ضلع ریاسی کے بھبر مسلم محلہ میں منشیات کے خاتمے کے لیے ایک یادگار اور حوصلہ افزا مہم دیکھنے میں آئی، جہاں مقامی عوام نے متحد ہو کر اس ناسور کے خلاف جدوجہد کرنے کا عہد کیا۔ ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 25 کلو میٹر دور واقع اس علاقے میں لوگوں نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔مقامی لوگوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ وہ حکومت، ضلع انتظامیہ ریاسی، پولیس انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے تاکہ منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن عادت سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔قابل ذکر ہے کہ اسی سلسلے میں ضلع ہیڈکوارٹر ریاسی میں بھی ایک بڑے پیمانے پر منشیات مخالف پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع انتظامیہ، پولیس، کالجز اور اسکولوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس اقدام کو سراہتے ہوئے بھبر کے عوام نے متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو مثبت پیغام دیتے ہیں۔دوسری جانب بھبر کنڈرہ مسلم محلہ کے رہائشیوں نے بھی منشیات کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ہر ممکن سطح پر انتظامیہ کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سماجی برائی کے خلاف ہر فرد کو آگے آنا ہوگا۔اس موقع پر معروف ادبی و ثقافتی شاعر عبدالقادر کنڈریا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے انہیں اس مہم میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ، پولیس، آرمی، بی ایس ایف، این سی سی کیڈرز، سوشل ویلفیئر، ہینڈیکرافٹ، ہیلتھ، میونسپل اور ایجوکیشن محکموں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس اہم پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی کوشش کی۔عبدالقادر کنڈریا نے سماج کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس مشن کو جاری رکھیں تاکہ منشیات کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا ہے جہاں نوجوان محفوظ، صحت مند اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔