یو این آئی
سرینگر//مرکزی وزیر مملکت برائے سماجی انصاف رام داس اٹھاولے نے ہفتے کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کو جلد ہی ریاستی درجہ واپس ملے گا۔ سری نگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا، ‘میری رائے میں جموں و کشمیر کو جتنا جلد ہوسکے ریاستی درجہ واپس ملنا چاہئے ۔ عوام بھی اس کی مانگ کر رہے ہیں۔’ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس اسمبلی انتخابات میں 60 فیصد سے زائد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی، جو ملک کی کئی دوسری ریاستوں سے زیادہ ہے اور اس سے یہاں کے عوام کی جمہوریت پر یقین کا اظہار ہوتا ہے ۔مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ جب وزیر داخلہ امت شاہ نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا تھا تو اسی وقت انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ حکومت ہند یہ فیصلہ جلد لے سکتی ہے ۔ سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں جموں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے اور مرکزی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق یوٹی حکومت پہلے نقصان کا تخمینہ لگائے گی جس کے بعد مرکز امداد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان کو ‘‘آپریشن سندور’’ کے ذریعے سخت سبق سکھایا گیا۔ ‘اٹھاولے نے واضح کیا کہ ‘آپریشن سندور’ امریکی دباؤ کے تحت نہیں رُکا بلکہ اس کا مقصد مکمل ہونے کے بعد اسے ختم کیا گیا۔ ہمارا نشانہ پاکستان نہیں بلکہ دہشت گرد اور ان کا ڈھانچہ تھا، اور ہم اس میں کامیاب ہوئے ۔ مرکزی وزیر کے مطابق آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اس خطے میں صنعتی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔