عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ریاست اور بیرونِ ریاست کئی نامور شخصیات، عوامی وفود، معزز شہریوں ، دینی، سماجی اور تاجر انجمنوں کے نمائندے آج نیشنل کانفرنس نائب صدر اور نامزد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقی ہوئے ۔ عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹر اور ٹیم انڈیا کے سابق کپتان روی شاستری اور لیجنڈس کرکٹ لیگ ٹی 20کے بانی و چیئرمین وویک خوشلانی بھی عمر عبداللہ سے ملاقی ہوئے۔ اس دوران انہوں نے جموںوکشمیر میں کھیل کود خصوصاً کرکٹ کو فروغ دینے اور کھیل شعبے کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں تبادلہ خیالات کیا۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں میں صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بس انہیں صحت سمت اور ایکسپوجر کی ضرورت ہے اور مجھے اُمید ہے کہ لیجنڈس لیگ جیسے ٹورنامنٹوں کے انعقاد سے یہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کے تئیں ترغیب ملے گی۔