ایجنسیز
ہیوسٹن/فٹبال کی گول مشین کرسٹیانو رونالڈو نے تمام تنقیدوں کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے منگل کو پہلے
ہاف میں دو گول کیے ، جس کی بدولت پرتگال نے فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں ازبکستان کو 5-0 کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف پرتگال کو ابتدائی برتری دلائی۔ رونالڈو، جو بڑے ٹورنامنٹس کے گزشتہ 10 میچوں میں کوئی گول نہیں کر سکے تھے ، نے دائیں جانب سے ژواؤ کانسیلو کے کراس پر چھ گز کے فاصلے سے گول کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ چھ ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ۔
یہ ان کے 230ویں بین الاقوامی میچ میں 144واں بین الاقوامی گول تھا، یہ دونوں ہی مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میچوں میں ریکارڈ ہیں۔یہ گول 41 سالہ رونالڈو کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا ایک اور یادگار لمحہ تھا۔ 2006 میں جرمنی میں 21 سال کی عمر میں ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے انہوں نے ہر اس ایڈیشن (2006، 2010، 2014، 2018، 2022 اور 2026) میں گول کیا، جس میں وہ کھیلے ہیں۔ ازبکستان کے خلاف ان کے گول نے پرتگال کے لیے گلوبل فائنل میں یوسیبیو کے نو گولوں کے ریکارڈ کی بھی برابری بھی کرلی۔ازبکستان کے خلاف میچ میں رونالڈو نے کمال کیا اور دو گول کیے ۔ ان کے علاوہ نونو مینڈیس اور رافائل لیاؤ نے بھی گول کیے ۔ ایک گول ازبکستان کے عبدالقادر خوسانوف کی جانب سے غلطی سے اپنی ہی پوسٹ میں چلا گیا، جس سے پرتگال 4-0 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ اس کے بعد پانچواں گول رافائل لیاؤ نے کر کے میچ کو مکمل طور پر یکطرفہ بنا دیا۔پرتگال کے سامنے ازبکستان کے کھلاڑی میدان میں کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور بالآخر پرتگال نے یہ میچ 5-0 سے جیت لیا۔ رونالڈو نے آخری لمحات میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کی کوشش بھی کی، لیکن گیند کو باہر مار بیٹھے ۔