جموں//گورنر این این ووہرا،وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ اور پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی ویدنے ریاستی عوام کو ہولی پر مبارکباد دی ہے۔گورنر این این ووہرا نے مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ دن ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لائے گا ۔ اپنے مبارکبادی کے ایک پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ ان تہواروں کی بدولت ریاست کی تمدنی و ثقافتی اور بھائی چارے کے بندھن مضبوط ہوتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مبارکباد دی کے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اس تہوار کو رنگوں کا تہوار بھی کہتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار لوگوں کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا پیغام لائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست جموں و کشمیر کو تمدنی وراثت ، اعلیٰ قدروں اور رنگ برنگے تہواروں کی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تہواروں کی بدولت لوگوں میں آپسی بھائی چارہ اور محبتوں کے بندھن مضبوط ہوتے ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے اس موقعہ پر لوگوں کی خوشحالی اور اُن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق اور کارگزار صدر عمر عبداللہ نے ہولی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے یہ اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کا سبب ہوگا۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی ویدنے ہولی کے موقعہ پرمارے گئے پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ، جموں و کشمیر پولیس میں کام کر رہے اہلکاروں اور اْن کے اہلِ خانہ و ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام لوگوں کو مل کر امن کو یقینی بنانے کیلئے کام کرنا چاہئے تاکہ مستقبل کی نسلوں کیلئے پر امن ماحول دستیاب ہو۔