مینڈھر//ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان نے ماہ رصیام کے سلسلہ میں ایک میٹنگ طلب کی جس میں تحصیل آفیسران کے علاوہ علمائے کرام بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے آفیسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ رمضان کے مہینے میں بجلی ،پانی اور راشن کا خاص خیال رکھا جائے اوراس بات کو یقینی بنایاجائے کہ لوگ پریشان نہ ہوں ۔انہوںنے کہاکہ پانی و بجلی کی سپلائی تواتر سے ہو اور ہر ایک راشن سٹور میں راشن دستیا ب ہو اور سٹور کھلارہے ۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صاف وشفاف اور معیاری اشیاء فروخت کریں۔انہوںنے کہا کہ رمضان سے قبل بازار کی چیکنگ کی جائے گی اور معیاری سامان کی فروخت کو یقینی بنایاجائے گا۔اس موقعہ پر علمائے کرام کا کہنا تھا کہ بجلی وقت پر دستیاب ہونی چاہیے کیونکہ ماہ رمضان میں ہمیشہ سحری اور افطاری کے وقت بجلی مہیا نہیں رہتی جس سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے مہینے میں وقت مقرر ہوتا ہے لہٰذا ہر جگہ پر بجلی دستیاب ہونی چاہیے۔ محکمہ بجلی کے آفیسران نے بتایا کہ ان کے پاس اتنا بندو بست نہیں ہے کہ وہ پورے مینڈھر میں ایک ساتھ بجلی سپلائی کرسکیںجس پر علمائے کرام نے سرکار سے اپیل کی کہ مینڈھر میں بجلی کے نظام کو بہتر کیا جائے اور پرانے تمام سٹیشنوں کو مرمت کرکے بڑے بڑے ٹرانسفارمر لگائے جائیں تاکہ بروقت رمضان کے مہینے میں لوگوں کو بجلی سپلائی ہو سکے۔ ایس ڈی ایم مینڈھر نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ رمضان کے مہینے میں تمام چیزیں دستیاب ہوں اور وقت پر پانی اور بجلی بھی لوگوں کو مل سکے۔ اس موقعہ پر تحصیلدار مینڈھر جہانگیر خان، نائب تحصیلدار مینڈھر تعارف حسین شاہ ودیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
ماہ صیام ، شب قدر و عید انتظامات کا جائزہ لیاگیا
راجوری //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ کی قیادت میں افسران و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران ماہ صیام ، شب قدر و عید الفطر کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا ۔اے ڈی سی نے ضلع افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام تر ممکنہ اقدامات کرکے ماہ صیام کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کریں۔انہوںنے کہاکہ اس دوران راشن ، پانی و بجلی کی سپلائی کو تواتر سے یقینی بنایاجائے ۔ انہوںنے ادویات ، سیکورٹی ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ بھی لیا اور ہدایت دی کہ لوگوں کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے ۔خاص طور پر انہوںنے افطاری اور سحری کے وقت سہولیات دستیاب رکھنے پر زور دیا ۔انہوںنے میونسپل کمیٹی افسران کو ہدایت دی کہ وہ قصبہ خاص طور پر عیدگاہ اور مساجد کے اردگرد صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور گلی کوچوں کی صفائی بھی کی جائے ۔انہوںنے سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کرنے پر بھی زور دیا۔انہوںنے پولیس و ٹریفک حکام کو بہتر ٹریفک نظام فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔