عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر جہانگیر بخشی نے صوبائی ٹیم کے ساتھ بدھ کوجواہر لال نہرو میموریل (JLNM)ہسپتال رعناواری کا دورہ کیا تاکہ ہسپتال کی سہولیات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر نے سی ٹی سکین سیکشن کا دورہ کیا اور ایم آر آئی مشین کی فراہمی کو تیز کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی، جس پر پہلے ہی کارروائی کی جا چکی ہے۔ڈائریکٹر نے اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر 24×7مختلف خصوصی سرجریوں کیلئے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس کو ممکن بنانے کیلئے درکار انسانی وسائل اور آلات دونوں کو بڑھانے کو ترجیح دی۔ اس طرح ہسپتال میں جراحی کی دیکھ بھال میں اضافہ ہو گا۔ڈائریکٹر نے سرجیکل اور میڈیکل انٹینسیو کیئر یونٹس (ICUs)میں کئے جانے والے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ان اہم نگہداشت یونٹس کی مجموعی فعالیت کا جائزہ لیا اور مریضوں کے انتظام اور دیکھ بھال کی فراہمی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔پیڈیاٹرک سیکشن کا بھی مکمل جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر نے بچوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو تسلیم کرتے ہوئے مریضوں کی دیکھ بھال کے انتظام میں عملے کی کوششوں کو سراہا۔ڈائریکٹر نے ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ (DNB)پروگرام کا جائزہ لیا، جس نے ہسپتال کی مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔