تھنہ منڈی // موجودہ مرکزی سرکار میں رسوئی گیس سلنڈروں میں بے تحاشہ اضافہ عوام کے لئے باعث تشویش بات بن گئی ہے۔ اب رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 815 روپے تک پہنچ گئی ہے جو ایک غریب کے لئے خریدنا نہایت ہی مشکل ہو گیاہے۔ اگرچہ موجودہ سرکار نے خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کنبہ جات کی مستورات کے حق میں اجوالا یوجنا اسکیم کے تحت رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے ہیں لیکن دوسری طرف گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب اور مفلس صارفین کے لئے مشکلات بڑھادی ہیں۔چند برس قبل ایک سلینڈر کی قیمت 350 روپے ہواکرتی تھی جوبڑھ کر 815 روپے ہوگئی ہے ۔ محمد حسین نامی شخص کا کہنا ہے کہ وہ ایک مزدور ہے ، وہ بڑی مشکل سے 300 روپے کما تاہے جس سے اس کے اہل و عیال کے اخراجات پورے نہیںہوتے ۔اس کاکہناہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ گیس سلنڈر ہر گائوں میں پہنچائے جا رہے ہیں لیکن قیمتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ اسکا کہنا ہے کہ بہت کم صارفین کو گیس ایجنسیوں کی طرف سے سبسڈی فراہم ہوتی ہے، اگر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو لوگ پھر گیس کا استعمال بند کر دیں گے اور لکڑی کا استعمال شروع کریں گے۔