عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے والد راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جذباتی بیان جاری کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’پاپا، آپ نے جس ہنرمند، خوشحال اور مضبوط ہندوستان کا خواب دیکھا تھا، اسے شرمندۂ تعبیر کرنے کی ذمہ داری میں پوری کروں گا۔‘‘
ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’آپ کی تربیت، آپ کے اخلاق اور آپ کی یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔‘‘کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے جامع پوسٹ ڈالی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’سابق وزیر اعظم، بھارت رتن راجیو گاندھی جی کے 35ویں یومِ شہادت پر ہمارا پرخلوص خراج عقیدت۔ 21ویں صدی کے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھنے میں راجیو گاندھی نے تاریخی اور دور اندیشانہ کردار نبھایا۔ نوجوان ہندوستان کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے انھوں نے حق رائے دہی کی عمر 21 سے گھٹا کر 18 سال کیا، پنچایتوں کو حق دے کر جمہوریت کو گاؤں گاؤں تک مضبوط کیا، اور ٹیلی مواصلات، اطلاعات ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرائزیشن کے ذریعہ ہندوستان کو نئے دور کی سمت عطا کی۔