رام بن // محکمہ تعلیم کی جانب سے ریاست میں چلائے جا رہے سرکار ی سکولوں کی مانیٹرنگ کرنے کے لئے علاقہ وار ضلع سطح کے فلائینگ سکارڈ کمیٹیاں تشکیل دینے کو منظوری دی گئی تھی۔اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک حُکم جاری کیا گیا ہے۔اس حُکم کے رُو سے ایک کمیٹی نمبر (اے)چیف ایجوکیشن افسر اور ضلع کے سینئر ترین پرنسپل اور علاقہ کے زیڈ ای او پر مشتمل ہوگی،جبکہ کمیٹی نمبر (بی) پرنسپل ڈائٹ کی قیادت میں ہوگی جسکے ممبران ضلع کے سینئر ترین ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ علاقہ کے زیڈ ای او ہونگے۔ کمیٹی نمبر (سی) ڈپٹی سی ای او یا ضلع ایجوکیشن پلاننگ افسر یا متعلقہ علاقہ کے زیڈ ای او ہونگے کمیٹی کے ممبران کو اپنے اپنے علاقوں میں اساتذہ کی با قاعدگی یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔ممبران کو ہفتہ میں دو مرتبہ اچانک معاینہ کرنے اور متعلقہ رینجوں کی ر پورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر چہ چیف ایجوکیشن افسر رام بن نے بانہال، کھڑی ،رام بن اور اکھڑال زونوں کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں لیکن ان کمیٹیوں کی تشکیل کا بنیادی مقصد پورا ہوتا ہوا نظر نہیں آتا ہے۔اساتذہ کی قلت سے جوجھ رہے ضلع رام بن میں دستیاب کئی اساتذہ کو تدریسی فرائض کے بجائے دیگر کام کاج میں لگا یا گیا ہے جس میں کلرکوں کا کام اور دیگر فرائض کی ادائیگی شامل ہے جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں میں درسی نظام بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ضلع میں ڈٹییچ منٹ کے احکامات پر بھی پوری طرح عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے اور مبینہ طور پر کئی با رسوخ اساتذہ اپنی ضلع صـدر مقام سمیت من پسند کی جگہوں پر تعینات ہیں۔تاہم رابطہ قائم کرنے پر سی ای او رام بن عبدالحمید فانی نے بتایا کہ تعلیمی زون کے ہیڈماسٹروں اور اساتذہ کو نگرانی سکارڈ بنائے گئے ہیں اور انہیں ضلع میں چل رہے سرکاری سکولوں میں تعلیم کا میعار بلند کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں انتظامی امور کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں درس و تدریس کا کام پوری تندہی سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔