رام بن کے راج گڑھ سے ڈوڈہ تک تعمیر کی گئی رابطہ سڑک کی حالت خستہ

بانہال //ضلع رام بن اور ضلع ڈوڈہ کو آپس میں ملانے والی راج گڑھ۔کاستی گڑھ رابط سڑک حکام کی عدم توجہی کا شکار ہے جس کی وجہ سے دونوں اضلاع کے دور دیہات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس طرف متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ دیہی علاقوں کو جوڑنے کیلئے متبادل اور نہایت ہی اہمیت کی حامل چندرکوٹ۔راج گڑھ۔کاستی گڑھ۔ڈوڈہ رابط سڑک پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں اور بچھایا گیا میکڈم یا تارکول جگہ جگہ سے اکھڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے مسافر گاڑی والے بڑی مشکل سے اس سڑک پر چلنے کیلئے تیار ہوتے ہیں اور سڑک کی خرابی کی وجہ سے مسافروں سے من مرضی سے اضافی کرایہ بھی لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی بلیک ٹاپنگ اور سڑک کا دیگر کام انجام دینے والا ٹھیکیدار من مرضی کرکے آدھا ادھورا کام کرکے آگے بڑھ رہا ہے اور مبینہ طور پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے کئی ملازمین ٹھیکیدار کے ساتھ ساز باز رکھ کر عوام اور محکمہ کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ رام بن اور ڈوڈہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈوڈہ کو رام بن سے ملانے والے اس پہاڑی اور متبادل سڑک رابطے کے حالات کو بہتر بنانے کے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ راج گڑھ ، کاستی گڑھ سمیت تین چار تحصیلوں کے ہزاروں لوگوں کو مزید مشکلات سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی رام بن اور ڈوڈہ کے ایگزیکٹو انجینئروںسے اپیل کی ہے کہ وہ اس سڑک کے پل ، کلورٹ ، پانی کی نکاسی کیلئے نالیوں اور دیواروں کو میکڈم ڈالنے والے ٹھیکیدار سے مکمل کروائیں تاکہ موسم سرما میں برفباری سے پہلے پہلے اس سڑک کو سفر کیلئے محفوظ اور بہتر بنایا جاسکے۔