عظمیٰ نیوز سروس
رام بن//ضلع رام بن کی تین میونسپلٹیوں میں پردھان منتری آواس یوجنا اربن کے ذریعے ایک غیر معمولی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ رام بن، بانہال اور بٹوٹ کے میونسپل قصبوں میں پھیلے ہوئے تقریباً 591 اہل خاندانوں نے اپنا گھر حاصل کرنے کا خواب پورا کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن، بصیر الحق چودھری کی قیادت میںپردھان منتری آواس یوجنا اربن اسکیم محض رہائش سے آگے نکل کر کمیونٹی کیلئے بااختیار بنانے اور وقار کی علامت بن گئی ہے۔رام بن میونسپل کونسل میں 115 خاندان پہلے ہی اپنے مکمل شدہ گھروں میں رہائش پذیر ہیں جبکہ 158 دیگر کو گھر کا استحقاق دیا گیا ہے اور باقی تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔اسی طرح بانہال اور بٹوٹ میونسپل کمیٹیوں میں بالترتیب 247 اور 186 خاندانوں کو پردھان منتری آواس یوجنا اربن کے ذریعے روشن مستقبل کے وعدے سے نوازا گیا ہے۔ مقامی میونسپلٹیوں کی انتھک کوششوں نے بانہال میں 139 خاندانوں اور بٹوٹ میں 87 خاندانوں کو گھر فراہم کئے ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے پردھان منتری آواس یوجنا اربن سکیم کے تحت لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے مقامی سطح پر انتظامیہ کی تعریف کی جارہی ہے ۔