محمد تسکین
بانہال//پیر کی صبح ضلع رام بن کے اکڑل پوگل پرستان کے مالیگام علاقے میں ٹاٹا سومو کے ایک دلدوز حادثے میں چار افراد لقمہ اجل بنے۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے ۔ دو شدید زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ یہ حادثہ سڑک حادثہ سڑک پر پیدا ہوئی پھسلن کے نتیجے میں پیش آیا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی صبح قریب نو بجے پوگل کے مالیگام سے تحصیل ہیڈکوارٹر اکڑل کی طرف آنے کے دوران یہ بد نصیب ٹاٹا سومو زیر نمبر1401 JK19/ اپنا سفر شروع کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد چفکنی کے مقام پرسڑک پرپھسلن کی وجہ سے لڑھک کر کم از کم چار سو فٹ گہری کھائی میں گر گئی اوراسکے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے فورا ًبعد مقامی لوگوں اور کیو آر ٹی اکڑال کے رضاکاروں نے بچائو کارروائیوں کا آغاز کیا اورتین مسافروں کو موقع پر ہی مردہ پایا جبکہ ایک زخمی نے ہسپتال لیجانے کے دوران راستے میں ہی دم توڑا۔ ایس ڈی پی او بانہال منجیت سنگھ ، ایس ایچ او رامسو ، پولیس ، ایس ڈی ار ایف ، تحصیل انتظامیہ اور بی ایم او اکڑال ڈاکٹر محمد اقبال بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور بچائو کارروائی کی نگرانی کی۔پولیس نے مرنے والوں کی شناخت 42 سالہ محمد ایوب ولد عبدالعزیز بالی ساکن نوگام پوگل ، 45 سالہ عبدالوحید بالی ولد غلام محمد ساکن نوگام پوگل ، 40 سالہ عنایت اللہ رونیال ولد عبدالرشید رونیال ساکن پنلہ مالیگام اور ہسپتال لیجانے کے دوران دم توڑ بیٹھے ڈرائیور 24 سالہ نوید احمد چوپان ولد ولد غلام عباس ساکن چفکھنی پوگل کے طور کی ۔ زخمیوں کی شناخت عرفان احمد حجام ساکن گجراڑہ پرستان ، زاہدہ بانو اور ناصر احمد کٹوچ ساکنان گاندھری رام بن کے طور کی گئی ہے۔ عرفان احمد کو طبی امداد کے بعد اکڑال ہسپتال سے رخصت کیا گیا جبکہ زاہدہ بانو اور ناصر احمد کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری سانحہ پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے حق میں فی کس ایک لاکھ روپے اور زخمیوں کے حق میں 50 پچاس کی رقم واگزار کی ہے۔
ایکس گریشیا ریلیف
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اُنہوں نے ریاسی اور رام بن حادثات میں جانیں گنوانے والوں کے لواحقین کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “میں آج رام بن میں ایک بدقسمت سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت افسردہ ہوں، میں سوگوار خاندانوں کے ارکان سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ متاثرین اور اتوار کو ریاسی میں لینڈ سلائیڈنگ میں جان گنوانے والوں کے لیے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کا ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔