جموں// سرینگر جموں کی4گلیاروں والی شاہراہ کے کٹائو کے نتیجے میںضلع رام بن کے اچیری اور کیفٹیریا موڑمیں قریب34مکانات کے علاوہ ایک مسجد میں شگاف پڑ گئے ہیں۔ عمارتوں کے گر نے کے خوف سے ، مقامی لوگوں نے معاوضے اور ان کے رہائشی گھروں کے غیر محفوظ ہونے کے نتیجے میں متبادل محفوظ مقامات پر بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ شاہراہ پر غیر منصوبہ بند اور غیر سائنسی طور پر سڑک کو وسعت دینے سے زمین کا کٹاؤ ، زمین دھنسنے اور پسیاں گر آنے کے واقعات تواتر کیساتھ رونما ہو رہے ہیں اور اس نے علاقے کے ماحول کو بری طرح متاثر کیا ہے۔امام جامع مسجد جدیدنذیر احمد نے کہا’’ شاہراہ کو وسعت دینے سے مجموعی طور پر34 رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑگئی ہیں،جن میں14 رہائشی مکانات جموں سرینگر ہائی وے کے قریب کیفیٹریا موڑ پر ہیں اور 20اچیری میں ہیں‘‘۔احمد نے کہا’’کچھ رہائشی مکانوں کے مالکان کے معاوضے پر کارروائی جاری ہے ، اور دیگر ابھی تک اس کے منتظر ہیں،اور جب سے20 رہائشی ڈھانچوںمیں دراڑیں بڑھ گئیں، یہاں رہنے والے لوگوں کیلئے راتوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ مبینہ طور پر تعمیراتی کمپنی کی جانب سے کام شروع ہونے کے بعد ہوا ہے ۔ امام نذیر احمدنے کہا کہ شاہراہ کو کشادہ کرنے کیلئے زمین کے کٹائو کیلئے مشینیں مصروف عمل ہیں،اور غیر منصوبہ بند ی کی وجہ سے شاہراہ کسی بھی وقت پسیاں گر آنے اور دھنسے کیلئے موافق بن گئی ہے۔احمد نے بتایا کہ ضلع رام بن کے دور دراز علاقوں سے لوگ ہجرت کرکے 20 سال قبل کیفٹیریا میں آباد ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب شاہراہ کی کشادگی کا کام شروع ہوا تو انہوں نے 6 رہائشی مکانات کا معاوضہ دیا ، جو سڑک کے بیچوں بیچ آرہے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا ’’یہ ان کے لئے حیران کن ہے کہ شاہراہ کی وسعت کی پیشرفت کے ساتھ کیفیٹیریا کے علاقے اچیری میں 20 رہائشی مکانات میں آہستہ آہستہ دراڈیں پیدا ہونے کا انکشاف ہوا اور ایک مسجد بھی غیر محفوظ ہوگئی ہے‘‘۔ایڈوکیٹ عرفان خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ یہ کنبے خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں،اور یہاں ہونا غیر محفوظ ہے، ہم نے جاگتے ہوئے راتیں گزاری ہیں۔کیفیٹیریا کے رہائشی خان نے کہا ’’سڑک کاٹنے سے زمین کا دھنسناوسیع علاقوں تک پھیل گیا ہے ، اور یہ متعلقہ حکام کے تصور سے پرے ہے‘‘۔ ایک سنیئر افسرنے کہا’’ہم نے این ایچ اے اے سے درخواست کی ہے کہ وہ شاہراہ پر زمین دھنسے اور لینڈ سلائیڈنگ سے بچنے کے لئے حفاظتی کام شروع کریں۔ اس افسر نے مزید بتایا کہ تعمیراتی کمپنی زمین کے کٹاؤ ، دھسنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے نجات حاصل کرنے کے لئے سرنگیں کھود کر اس مسئلے کو حل کر رہی ہے۔