رام بن // رام بن میں محکمہ ایگریکلچر کی طرف سے ایک روزہ کسان میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں پنچایتی نمائندوں اور سینکڑوں کی تعداد میں ضلع بھر سے آئے کسانوں نے شرکت کی۔ کسان میلے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے کیا ۔اس موقع سابق ممبر اسمبلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر نیلم کمار لنگے اور بھارت گاندھی بھی موجود تھے۔ انہوں نے وہاں محکمہ ایگریکلچر ، ہارٹیکلچر ،اپیکلچر ، شیپ ڈیولپمنٹ اور محکمہ پشوپالن سمیت کئی محکموں کی طرف سے لگائے سٹالوں اور زمینداروں کی طرف سے نمائش کیلئے رکھے گئے پھلوں ، سبزیوں اور دیگر پیداوار کی نمائش کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع رحمت اللہ رونیال ، قاسم عمر سمیت پر کئی کسانوں نے محکمہ ایگریکلچر ، ہارٹیکلچر اور محکمہ ایپیکلچر کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں اور پروگراموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رام بن میں ابھی ان شعبوں میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور زمینداروں کی پیداواری صلاحیت کو بھرپور طریقے سے بڑھانے کی کوششوں پر محکموں کو مزید کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر چیف ایگریکلچر آفیسر رام بن فاروق احمد بٹ نے ضلع رام بن میں محکمہ ایگریکلچر کی طرف سے کئے جارہے کاموں اور پروگراموں کی تفصیل پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے کہا کہ ضلع رام بن کے علاقوں میں سیب ، اخروٹ ، راجماش انار اور بہی دانہ سمیت دیگر پیدوار کی خوب صلاحیت موجود ہے اور اس کیلئے وہ بھی ہرممکن کام کرکے یہاں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور مارکیٹنگ کیلئے بھرپور کام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہد کی پیداوار سے متعلق زمینداروں کے معاملات کو بھی اعلی حکام کی نوٹس میں لانے کی کوشش کرینگے تاکہ ان کے مائیگریشن اور دیگر معاملات کو حل کیا جاسکے۔تقریب کے آخر پر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے زمینداروں کی طرف سے پیش کئے گئے بہترین نمونوں کو انعامات سے نوازا۔