پونچھ// میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے اگرچہ صفائی ستھرائی کے دعوے ہورہے ہیں تاہم زمینی سطح پر حالات بالکل مختلف ہیں ۔پونچھ قصبہ کے وارڈ نمبر آٹھ محلہ کھوڑی ناڑکی عوام نے محلہ میں صفائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے ان کے محلہ میں صفائی نہیں ہو رہی۔سنیل کمار نے بتایا کہ محلہ کے راستوں پر ہر جگہ کچرا پڑا ہواہے جس کی وجہ سے انہیں پریشانیوں کا سامناہے۔انہوںنے کہا کہ محلہ میں لگائے گئے صفائی کرمچاری اپنی مرضی کے مالک ہیں اور وہ تبھی صفائی کرتے ہیں جب ان کی مرضی ہو ۔انہوں نے کہا کہ ان کے گھر کی جانب جانے والے راستے پر ہمیشہ گندگی پڑی رہتی ہے جسے صاف کرنے والا کوئی نہیں۔ایک خاتون نے بتایا کہ پہلے ان کے محلہ کی صفائی کی جاتی تھی لیکن کچھ عرصہ سے ایسا نہیں ہورہا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے ذاتی مداخلت کر کے محکمہ کے اعلیٰ افسران کوصفائی کروانے کی ہدایت دیں۔