عظمیٰ نیوزسروس
رام بن// جمعہ کی شام تحصیل راج گڑھ کے چکہ علاقے میں ایک لنک روڈ پر سفر کر رہے تھری وہیلر آٹو کے سڑک سے پھسل کر کھائی میں گرنے سے ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تحصیل راج گڑھ کے دور افتادہ چکہ علاقے میں ایک آٹو تین مسافروں کو لے کر سڑک سے پھسل کر کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ تینوں زخمیوں کو پی ایچ سی راج گڑھ لے جایا گیا جہاں سے انہیں علاج کے لیے ضلع اسپتال رام بن ریفر کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی شخص کی لاش کو بھی کھائی سے نکالا گیا اور پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے پی ایچ سی راج گڑھ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے متوفی کی شناخت آٹو ڈرائیور بہاری لال ولد بلدیو سنگھ ساکنہ ببروتق، راج گڑھ ضلع رام بن کے طور کی ہے _ جبکہ تینوں زخمیوں کی شناخت بودھ راج (45) ولد شیر سنگھ ساکن گائوں چکہ، راج کمار (46) ولد شیر سنگھ ساکنہ گائوں دوگا، اور رویداس (55) ولد شیر سنگھ ساکنہ ڈوگا کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال رام بن ریفر کیا گیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے پولیس چوکی، کاستی گڑھ، ڈوڈہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا ہے۔