سرحدی علاقوں میں چوکسی مزید سخت کر دی گئی ،خصوصی ناکے قائم
سمت بھارگَو
راجوری//لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تازہ سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ اقدام گزشتہ چار مسلسل جھڑپوں، فائرنگ اور ایک آئی ای ڈی دھماکے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جو جموں ضلع کے اکھنورسب ڈویژن اور راجوری، پونچھ اضلاع میں پیش آئے۔سیکورٹی فورسز، جن میں جموں و کشمیر پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور فوج شامل ہیں، نے اندرونی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی کو بروقت روکا جا سکے۔راجوری ضلع میں موبائل وہیکل چیک پوائنٹس (MVCPs) کو مزید مستحکم کیا گیا ہے، جبکہ گاڑیوں اور راہگیروں کی سخت چیکنگ کے لئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر بھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔بھارتی فوج نے راجوری اور پونچھ میں پاکستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے کے خدشات کو جنم دیا ہے۔سیکورٹی فورسز ہر ممکن دراندازی کو ناکام بنانے کے لئے ہائی الرٹ پر ہیں۔ اندرونی علاقوں میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ ایل او سی پر تعینات فوجی دستوں کو بھی اعلیٰ ترین سطح پر چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ فوجی گشت، آئی ای ڈی دھماکوں جیسے مزید حملوں کو روکا جا سکے۔ان جھڑپوں میں دو بھارتی فوجی، جن میں ایک کیپٹن شامل تھا، شہید ہوگئے، جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ یہ واقعات جموں کے اخنور، راجوری اور پونچھ اضلاع میں ایل او سی پر پیش آئے۔
نوشہرہ سیکٹر میں فوج کی چوکسی میں اضافہ
متعدد علاقوں میں ڈرون کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ//لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستانی فوج کی جانب سے سنائپر شاٹ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (IED) کے استعمال کے بعد بھارتی فوج نے نوشہرہ سیکٹر میں اپنی چوکسی مزید بڑھا دی ہے۔ سرحد کے ساتھ متصل جنگلاتی علاقوں میں فوجی دستوں کی پیٹرولنگ دن رات جاری ہے تاکہ کسی بھی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔گزشتہ ہفتے سے پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی فوج کو نشانہ بنانے کے لئے سنائپر شاٹ اور آئی ای ڈی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے پیش نظر بھارتی فوج نے نوشہرہ سیکٹر میں دن رات کی گشت میں اضافہ کر دیا ہے۔ جنگلاتی علاقوں میں فوجی جوانوں کی مسلسل پیٹرولنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ایک اعلیٰ فوجی افسر کے مطابق، پاکستانی فوج کی جانب سے دراندازی کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں تاہم بھارتی فوج نے جنوری میں ایک بڑی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔ اس کے بعد نوشہرہ کے کلال سیکٹر میں ایک حوالدار پاکستانی سنائپر شاٹ سے زخمی ہو گیا تھا۔ ان واقعات کے پیش نظر بھارتی فوج نے ایل او سی پر اپنی چوکسی مزید سخت کر دی ہے۔بھارتی فوج نہ صرف زمینی نگرانی بڑھا رہی ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سرحدی علاقوں پر ڈرونز کے ذریعے بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ فوجی افسران کا کہنا ہے کہ کسی بھی دراندازی یا دشمن کی سرگرمی کو فوری طور پر ناکام بنانے کے لیے فوجی اہلکار مکمل الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ممکنہ حملے کا مؤثر جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔فوجی ذرائع کے مطابق نوشہرہ سیکٹر میں حالات کشیدہ ضرور ہیں، لیکن بھارتی فوج کی بروقت کارروائیوں کی بدولت مکمل کنٹرول میں ہیں۔ فوج نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ سرحد کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دشمن کی کسی بھی چال کو ناکام بنانے کے لئے فوج مکمل مستعد ہے۔