عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں یوتھ کانگریس کی مقامی اکائی نے سینئر کانگریس رہنماؤں کے ہمراہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ خواتین ریزرویشن بل کے معاملے پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔احتجاج کے دوران کارکنان نے راجوری شہر میں ایک ریلی بھی نکالی اور مرکز کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت اس اہم معاملے پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔
کانگریس رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ خواتین ریزرویشن بل کو 2023 میں اپوزیشن کی متفقہ حمایت سے منظور کیا جا چکا ہے، تاہم اس کے نفاذ میں غیر ضروری تاخیر کی جا رہی ہے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اس بل کو حد بندی (ڈیلیمیٹیشن) کے عمل سے جوڑنے کی کوشش کی، جسے انہوں نے اس مسئلے کو ‘‘ہائی جیک’’ کرنے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اجتماعی طور پر اس اقدام کی مخالفت کی اور قانون سازی کے اصل مقصد کو مسخ ہونے سے بچایا۔مظاہرین نے حکمراں جماعت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ اپوزیشن کو خواتین مخالف ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جسے انہوں نے سختی سے مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں ہمیشہ سے خواتین کو سیاسی ریزرویشن دینے کی حامی رہی ہیں۔احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ 2023 میں منظور شدہ خواتین ریزرویشن بل کو فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ ملک میں خواتین کو مناسب سیاسی نمائندگی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔