راجوری//محکمہ جنگلات کی طرف سے جموں کے لکڑ منڈی علاقے میں انجام دی گئی انہدامی کارروائی کے خلاف راجوری کے عبداللہ پل پر نوجوانوں نے گاڑیوں کی آمدو رفت روک کر احتجاج کیا اوروزیر جنگلات چوہدری لعل سنگھ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس موقعہ پر لعل سنگھ کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا ۔ نوجوانوں نے کہا کہ جموں صوبہ میں ایک منظم سازش کے تحت مسلم آبادی کو نشانہ بنایاجارہا ہے جو نہایت ہی افسوسناک ہے ۔ نوجوانوں نے کہا کہ جموں میں سرکار کی طرف سے کی جانے والی تمام کارروائیاں مسلم مخالف ہیں اوران کے ذریعہ صدیوں سے رہ رہے خانہ بدوش وپسماندہ لوگوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کی کارروائی بندہونی چاہئے اور اگر حکومت واقعی ناجائز تجاوزات کے خلاف سنجیدہ ہے تو پھر بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے ان لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جنہوںنے جموں میںپختہ مکانات تعمیر کررکھے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ اگر یہ کارروائی ایک مخصوص مذہب کے ماننے والوں کے خلاف اسی طرح سے جاری رہی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے اور اس کے نتائج سنگین ہوںگے ۔بعد میں نوجوان پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔