راجوری/پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ راجوری ضلع میں میوہ صنعت کو بڑھاوا دینے کے امکانات تلاش کریں ۔ وہ یہاں راجوری ضلع میں زراعت ، باغبانی اور سیری کلچر شعبوں کی سرگرمیوں کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لے رہے تھے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پونچھ اور راجوری ضلعوں میں میوہ اُگانے کے کافی وسائل موجود ہیں کیونکہ یہاں کی زمین کافی زرخیز ہے ۔ اس موقعہ پر NFSM,MIDH,RKVY اور ATMA جیسی سکیموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پھولبانی شعبے کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو جانکاری دینے کیلئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو اپنی افرادی قوت متحرک کرنی چاہئیے ۔ راجوری ضلع بشمول کالا کوٹ حلقے میں باغبانی سرگرمیوں کا جائیزہ لیتے ہوئے انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ علاقے میں ایک سروے کریں تا کہ کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے زرعی شعبے میں ہو رہی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ کسانوں کو رعایتی نرخوں پر معیاری بیج اور دیگر آلات کشاورزی فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے کسانوں کی ہر ممکن مدد کریں ۔ اس دوران سیری کلچر شعبے کو بھی زیر بحث لایا گیا اور کہا گیا کہ محکمہ کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے کیمپوں کا انعقاد کر رہا ہے ۔ انہیں جانکاری دی گئی کہ راجوری ضلع غنچۂ ابریشم شعبے میں اوّل مقام پر ہے ۔ علاوہ ازیں کالا کوٹ میں عنقریب ہی ایک ریرنگ ہاوس قائم کیا جا رہا ہے ۔ اس میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔