راجوری اور پونچھ میں جمعتہ الوداع کے اجتماعات

راجوری /پونچھ//ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو پونچھ اور راجوری میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔پونچھ میںاس سلسلہ کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ پونچھ میں منعقد ہوا جہاں مفتی فاروق احمد مصباحی کی قیادت میں نماز جمع ادا کی گئی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے فاروق احمد مصباحی نے تمام مسلمانوں کو متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لئے مختلف حربے اختیار کر رہے ہیںاس لئے وقت کی ضرورت ہے کہ مسلمان ایک ہوجائیں۔جامع مسجد بگیالاں میں بھی بہت بڑے اجتماع نے نماز جمعہ ادا کیا۔ اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے مولانا سعید حبیب احمد بانڈے نے بھی مسلمانان عالم کو متحد ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ دنیا میں امن ہو ۔انہوں نے عالم انسانیت کے لئے دعائیں طلب کیں۔علی جامع مسجد پونچھ میں امام و خطیب مولانا سید آل محمد زیدی نے خطاب کرتے ہوئے جہاں ماہ مبارک رمضان کے مسائل بیان کئے وہی انہوں نے صہیونی طاقتوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام مسلمانوں کو دعوت فکر دی کہ وہ بیت المقدس کو آزاد کروانے کے لئے ایک ہو جائیں۔جامع مسجد اہل حدیث، حیدری جامع مسجد ریڈیو سٹیشن، مرکزی جامع مسجد پونچھ اور دیگر مساجد میں بھی الوداع جمعہ کے موقعہ پر نماز جمعہ ادا کی گئی ۔وہیں راجوری میں بھی جمعتہ الوداع کے بڑے بڑے اجتماع منعقد ہوئے ۔ راجوری کی تمام مساجد میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی ۔اس دوران انتظامیہ کی طرف سے تمام تر انتظامات کئے گئے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری اور ایس ایس پی راجوری نے خود بھی مساجد کادورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا ۔