راجناتھ سنگھ کا جموں دورہ 20جولائی کو ہوگا

جموں //مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ 20جولائی کو جموں کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال اور اہم پروجیکٹوں کاجائزہ لیں گے ۔ان کے ہمراہ فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت بھی ہوں گے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ اپنے دورے کے دوران وزیر دفاع سانبہ اور اکھنور میں اگلی چوکیوں کا جائزہ لیں گے اور وہ مقامی لوگوں کیلئے زیر تعمیر پروجیکٹوں کا معائنہ بھی کریں گے ۔ ذرائع نے بتایاکہ اس دوران راجناتھ سنگھ کو سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں بتایاجائے گا اور وہ حد متارکہ و بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی انتظامات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیں گے ۔راجناتھ سنگھ کا بطور وزیر دفاع جموں کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔اس سے قبل وزیر دفاع نے 3جون کو کشمیر اور لداخ کا دوروزہ دورہ کیاتھا جس دوران وہ سیاچن گلیشر بھی گئے ۔