سرینگر//رائل سپرنگ گالف کورس میں دو روزہ ’گالفنگ اِن پیراڈائس‘ ٹورنامنٹ آج اختتام پذیر ہوا۔ ٹورنامنٹ میں ملک کے100 اور ریاست کے40 گالفروں نے حصہ لیا۔ تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر، جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے، نے تقریب کے اختتام پر ٹورنامنٹ جیتنے والوں اور حصہ لینے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت مستقبل میں ایسے ٹورنامنٹ منعقد کرتے ہوئے گالف جیسے کھیل کو ترقی دینے کی وعدہ بند ہے۔ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے کشمیر کے سفیر بننے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ ، دوستوں اور کاروباری افراد کو لے کر پھر کشمیر کی سیر کریں۔سیکرٹری سیاحت ایم ایچ ملک جو اس موقعہ پر موجود تھے، نے کہا کہ کشمیر وہ نہیں جو ٹی وی چینلوں پر دکھایا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والوں سے تلقین کی وہ واپس جاکر اپنے اپنے علاقوں میں کشمیر کی اصل حقیقت بیان کریں اور یہاں دستیاب سہولیات اور ماحول کی تشہیر کریں۔دو مرتبہ کے ایشین ٹور ونر شو کپور بھی کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ شو کپورنے اس موقعہ پر کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کشمیر کی خوبصورتی اور یہاں کے گالف کورسوں کی تعریف سُنی تھی، وہی توقعات لے کر وہ کشمیر کی سیر کرنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہایت خوش ہوا جب میں نے یہاں کے خوبصورت گالف کورس کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔سارا گرؤپ کے مالک ڈی پی سنگھ نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر سیاحت کشمیر محمود اے شاہ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی سرمد حفیظ، ایم ڈی گالف ڈیولپمنٹ اتھارٹی سی ای او پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی مشتاق سمنانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم ریاض بیگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم( پبلسٹی) پیرزادہ ظہور اور پریذیڈنٹ جے اینڈ کے گالف ایسوسی ایشن مشتاق بُرزا بھی تقسیم انعامات کی تقریب میں موجود تھے۔