بارہمولہ//وزیر اطلاعات ، خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے بارہمولہ ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں اپنے ماتحت محکموں کے کام کاج کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ، جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ متعلقہ محکموں کے افسروں نے وزیر کو محکمہ اطلاعات ، محکمہ ناپ تول اور خوراک و سول سپلائیز محکموں کے کام کاج کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی ۔ اس موقعہ پر انہیں این ایف ایس اے اور ایم ایم ایس ایف ای ایس سکیموں کے تحت مستحقین کی تعداد کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ وزیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دونوں سکیموں کے تحت راشن کی بروقت تقسیم کاری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ماہ رمضان کے پیش نظر ہر ایک کنبے کو کھانڈ کا ایک کلو اضافی کوٹا دینے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صارف کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ناجائیز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کیلئے مارکیٹ چیکنگ تیز کر دی گئی ہے ۔ ذوالفقار علی نے عوامی تقسیم کاری نظام کو مزید فعال اور موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ان اضلاع میں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے محکمہ اطلاعات کے کام کاج میں جدیدیت لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کلیدی نوعیت کا یہ محکمہ انتظامیہ اور لوگوں کے درمیان پُل کی ھثیت رکھتا ہے اور یہ محکمہ حکومت کی مثبت ساکھ کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کی حسولیابیوں کو بھی لوگوں کے سامنے رکھتا ہے ۔