عظمیٰ نیوز سروس
پوروانچل //موسم میں اچانک ہوئی تبدیلی نے جہاں ملک کے کئی حصوں میں شدید گرمی سے پریشان لوگوں کو بڑی راحت دی ہے، وہیں اترپردیش کے لیے تبدیل شدہ موسم تباہی لے کر آیا ہے۔ ریاست میں تیز آندھی اور بارش کے سبب کئی علاقوں میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ یہاں دیواروں کے منہدم ہونے، درخت اُکھڑنے اور بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں ریاست بھر میں 18 لوگوں کی موت کی خبر ہے اور کئی لوگ زخمی بھی بتائے جا رہے ہیں۔ آندھی طوفان کا سب سے زیادہ اثر اودھ علاقے میں نظر آیا ہے جہاں 13 افراد کی موت ہو گئی۔ریاست کے پریاگ راج اور وارانسی سمیت 30 سے زائد اضلاع میں آندھی طوفان کے ساتھ بارش ہوئی۔ وہیں لکھنؤ سمیت 10 اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
سلطان پور میں 60 کلومیٹر کی رفتار سے طوفان آیا جس کی وجہ سے پوروانچل ایکسپریس وے پر بنے ٹول کی چھت اُڑ گئی۔ ایودھیا میں بھی دھول بھری آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ریاست میں آندھی و بارش کی وجہ سے جگہ جگہ درخت گرنے کی وارداتیں ہوئیں اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بنگال کی خلیج سے آ رہی ہواؤں کی وجہ سے موسم میں یہ تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پوروانچل، اودھ، بندیل کھنڈ اور برج علاقے کے 58 اضلاع میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہاں بجلی گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔ادھربنگلورو میں بدھ کی شام ہونے والی شدید بارش نے تباہی مچا دی، جس میں 10 افراد کی موت ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث درخت اکھڑ گئے، کئی اہم علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور ٹریفک نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا۔موسلادھار بارش کے دوران بورنگ اینڈ لیڈی کرزن اسپتال کی ایک دیوار گرنے سے سات افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔ حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو افراد کیرالہ سے تھے، جو مطالعاتی دورے پر آئے تھے۔ وہ دیوار کے پاس پناہ لیے ہوئے تھے کہ اچانک دیوار گر گئی۔ ایک اور واقعے میں 35 سالہ رگھو کی بنیرگھٹہ روڈ پر واقع ویگا سٹی مال کے قریب کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی۔پولیس کے مطابق یارب نگر میں ایک اور حادثے میں طالب علم سید سفیان بارش کے دوران موٹر سائیکل کھڑی کرتے وقت بجلی کے تار کے رابطے میں آنے سے ہلاک ہو گیا۔ چامراجپیٹ میں بھی ایک حادثے میں منجوناتھ نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جب طوفان کے دوران گھر کی چھت کا ایک حصہ اچانک گر گیا۔