مینڈھر //تحصیل بالا کوٹ کے دھار گلون ٹی وی تاور تا بسونی 5کلو میٹر سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو نے کی وجہ سے مسافروں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ 5کلو میٹر لمبی سڑک میں برسوں پہلے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے تار کول بچھائی گئی تھی لیکن اس کے بعد سڑک کی مرمت ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان ان کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک سرحدی علاقہ کی 4بڑی پنچایتوں کیلئے ایک واحدی معیاری راستہ ہے لیکن اس کی مرمت میں محکمہ کو ئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کررہا ہے ۔غور طلب ہے کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی مذکورہ سڑک کے زیر تحت سرحدی پنچایت بھروتی ،بالا کوٹ ،دھراٹی اور تار گلون اپر جیسی پنچایتیں آتی ہیں جبکہ کسی بھی ایمر جنسی کے دوران مذکورہ پنچایتوں کی عوام اسی سرک کے ذریعہ دیگر علاقوں کا سفر کرتے ہیں تاہم سڑک خراب ہونے کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو دوران سفر کئی طرح کے مسائل کا شکار ہونا پڑتا ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنایا جاسکے ۔