عاصف بٹ
کشتواڑ//گزشتہ روز کشمیر عظمیٰ نے سنتھن شاہراہ کو مسلسل ٹریفک کی آواجاہی کیلئے بند رکھنے کی خبر شائع کی تھی جسکے بعد سوموار کو انتظامیہ نے اس پر یکطرفہ ٹریفک چلانے کی اجازت دی ۔قریب دو ہفتے بعد ضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کی آمدرفت کیلئے بحال کردیاگیا۔ ایس ڈی ایم چھاترو نعیم مغل کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق موسم سازگار ہونے کی صورت میں کشمیر سے کشتواڑ کی طرف آنے والی گاڑیوں کو منگلوار، جمعرات و سنیچر کو چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ کشتواڑ سے اننت ناگ کی طرف جانے والی گاڑیوں کو بدھ، جمعہ و ایتوار کو چلنے کی اجازت ہوگی جس دوران گاڑیوں کو صبح11بجے سے دوپہر2بجے تک چلنے کی اجازت ہوگی۔ سفرکرنے والوں کو حکمنامے پر عملدرآمد کرنے کو کہا گیا ہے اور سڑک پر چلتے وقت احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سڑک پر متعدد مقامات پر بھاری پھسلن ہے، اس لئے مسافروں سے کہاگیا ہے کہ وہ احتیاط برتیںتاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ سڑک رابطہ کھلنے سے عوام میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہےاور لوگوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دو ہفتوں بعد سنتھن شاہراہ پر یکطرفہ آمدورفت بحال | آج کشمیر سے کشتواڑ کی طرف 11سے2بجے تک گاڑیاں چلیں گی
