مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کے دور افتادہ علاقہ پٹھانہ تیر میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے ۔گائوں میں پینے کا صاف پانی ،خستہ حال سڑکیں ،ہائر سکینڈری سکول کا نہ ہوا و دیگر سہولیات کو میسر کرنے میں انتظامیہ ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گائوں میں پانی سپلائی کرنے والی چھترال تا پٹھانہ تیر واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی عرصہ سے بند پڑی ہوئی ہے جبکہ صرف ایک واٹر سپلائی سکیم سے کچھ حد تک لوگوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں کئی برس قبل بچھائی گئی پاپئیں اب بوسیدہ ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے معمول کے وقت بھی پانی سپلائی متاثر رہتی ہے ۔سماجی کارکن فیصل شاہ نے بتایا کہ گائوں میں کئی برسوں کی جدوجہد کے بعدبھی کوئی ہائر سکینڈری سکول قائم نہیں کیا گیا ہے جبکہ بچوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے ہائر سکینڈری سکول گلی کالابن اور ہائر سکینڈری سکول سلواہ و چھترال جانا پڑتا ہے جبکہ لڑکیوں کی تعلیم دسویں جماعت کے بعد ہی متاثر ہو جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں کوئی بھی ایمر جنسی ہسپتال قائم نہیں ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو کئی کلو میٹر دور مینڈھر ہسپتال منتقل کرنا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ پٹھانہ تیر علاقہ سرنکوٹ اور پونچھ کی حدود پر مینڈھر میں واقعہ ایک علاقہ ہے جو کہ گنجان آبادی کے ہوتے ہوئے بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔